برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے حالیہ دنوں میں اپنی کابینہ میں بڑی رد و بدل کی ہے اور پہلی مرتبہ ایک مسلم خاتون، شبانہ محمود کو وزارتِ داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
اس سے قبل یوِٹ کوپر وزیر داخلہ تھیں، جو اب وزارتِ خارجہ کا منصب سنبھال چکی ہیں۔ شبانہ محمود نے جسٹس سیکرٹری کے عہدے سے ترقی پا کر وزارتِ داخلہ کی ذمہ داری سنبھالی ہے۔
وزیرِ داخلہ کے طور پر شبانہ محمود برطانوی حکومت میں امیگریشن، قومی سلامتی اور انگلینڈ و ویلز کی پولیس فورس کی براہِ راست نگران ہوں گی۔
شبانہ محمود کون ہیں؟
شبانہ محمود برطانیہ کی پہلی مسلمان خاتون ہیں جنہیں وزارتِ داخلہ کا عہدہ دیا گیا ہے۔ وہ 1980 میں برمنگھم کے علاقے لیڈی وڈ میں پیدا ہوئیں اور اسی حلقے سے وہ رکن پارلیمان بھی منتخب ہوتی آئی ہیں۔
ان کا خاندانی تعلق پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع میرپور سے ہے۔ بچپن کے کچھ برس انہوں نے برطانیہ میں گزارے، پھر کچھ عرصہ سعودی عرب میں مقیم رہیں اور اعلیٰ تعلیم کے لیے دوبارہ برطانیہ واپس آئیں۔
تعلیم اور پیشہ ورانہ سفر
شبانہ محمود نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے لنکن کالج سے قانون کی تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں بطور وکیل اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ وہ اپوزیشن کے دنوں میں بھی لیبر پارٹی کی جانب سے اہم ذمہ داریاں ادا کرتی رہی ہیں۔
شبانہ محمود لیبر پارٹی کی سرگرم رکن ہیں اور پارلیمان میں بھی اسی جماعت کی نمائندگی کرتی ہیں۔ وہ امیگریشن پالیسی پر اپنے سخت مؤقف کے باعث بھی جانی جاتی ہیں۔
پہلی مسلم خاتون رکن پارلیمان
شبانہ محمود 2010 کے عام انتخابات میں پہلی بار پارلیمان کی رکن منتخب ہوئیں۔ اسی سال یاسمین قریشی اور روشَن آرا علی بھی کامیاب ہوئیں، مگر چونکہ شبانہ محمود کو سب سے پہلے کامیاب قرار دیا گیا تھا، اس لیے انہیں ایوانِ زیریں میں منتخب ہونے والی پہلی مسلم خاتون رکن کہا جاتا ہے۔
نئے چیلنجز
کیئر اسٹارمر کی نئی کابینہ میں تبدیلیوں کے بعد خواتین وزرا کی تعداد 12 ہو گئی ہے، جسے ملک کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
شبانہ محمود کو وزارتِ داخلہ ایسے وقت میں ملی ہے جب برطانیہ کو پناہ گزینوں کی زیرِ التوا درخواستوں، ملک بدری کے دباؤ، پولیس اصلاحات اور بچوں کے ساتھ جنسی استحصال کے منظم نیٹ ورکس کی تحقیقات جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔
مزید خبریں:
انجینئر محمد علی مرزا مفتن یامحقق ؟
مفکرِ اسلام مولانا سید ابوالحسن علی ندویؒ حیات و خدمات
شیعہ سنی اتحاد کی آڑ میں مولاناسلمان ندوی کی انتہا پسندانہ مہم جوئی
کیتھرین پیریز شکدم وہ یہودی جاسوس خوبصورت لڑکی جس نے ایران کے دل میں نقب لگائی !
ہماری وٹس ایپ چینل میں شمولیت اختیار کرنے کے لئے یہاں کلک کریں