پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، سٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو عید کی مبارک باد پیش کی اور دنیا بھر کے عازمین حج کی مہمان نوازی اور خدمات کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور انڈیا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران سعودی عرب کے فعال کردار اور خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے پختہ عزم کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی عرب میں وفد کے ہمراہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔ وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی جسے ولی عہد نے قبول کر لیا۔